رواں ہفتے کےدوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ:ادارہ شماریات

inflation-pakistan-top.jpg


رواں ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ: ادارہ شماریات

سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافہ 42 اعشاریہ 68 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے: اعدادوشمار

رواں ہفتے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے ادارہ شماریات کی طرف سے اعدادوشمار جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مجموعی طور پر مہنگائی میں 1 اعشاریہ 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافہ 42 اعشاریہ 68 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے میں 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 22 میں استحکام دیکھنے میں آیا۔ دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 1 فیصد، بجلی فی یونٹ 2 فیصد، انڈے 2 اعشاریہ 5فیصد جبکہ پیاز کی فی کلو قیمت میں 8.4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں 12 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی فی کلو قیمت 160 روپے ہو گئی ہے۔ انڈے فی درجن 9 روپے مہنگے ہوئے جس کے بعد اس کی قیمت 344 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے اضافہ ہوا جو اب 135 روپے فی کلو اور دال مسور کی فی کلو قیمت میں 3 روپے اضافہ ہوا جو اب 281 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوران دال مسور، چینی کے علاوہ کیلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 3 فیصد، آلو 4.3 فیصد اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 9.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اس کی فی کلو قیمت 118 روپے ہو گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق آلو کی فی کلو قیمت میں 5 روپے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اس کی قیمت 100 روپے اور زندہ مرغی کی قیمت میں 10 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کی قیمت اس وقت 348 روپے ہو گئی ہے۔ جن اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ان میں چنے، دال، آٹا، گھی، کوکنگ آئل سمیت چاول 2 فیصد، ڈیزل 2.3فیصد، چائے کی پتی کی قیمت 2.6 فیصد کم ہوئی۔