حکومت مخالف احتجاج، مودی سرکار نے راہول گاندھی کو گرفتار کر لیا

4rahulghandigirtar.jpg

بھارتی اپوزیشن پارٹی کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کو بی جے پی کی ایما پر دھرنے کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ دہلی پولیس نے منگل کو وجے چوک میں راہول گاندھی اور پارٹی کے کئی دیگر ارکان کو حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کانگریس رہنما سونیا گاندھی کی ای ڈی میں پیشی کے خلاف سراپا احتجاج تھے، راہول گاندھی اور دیگر اراکان نے ایوان صدر جانے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس نے راہول گاندھی ودیگر ارکان کو گرفتار کر لیا۔


راہول گاندھی کا کہنا ہے مودی سرکار کی جانب سے تحقیقاتی ایجنسیوں کا مبینہ غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دیگر کانگریس ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ پارلیمنٹ کے احاطے میں واقع گاندھی کے مجسمے سے وجے چوک کی طرف احتجاجی مارچ نکالا تھا۔

یاد رہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی سے نیشنل ہیرالڈ اخبار سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) میں دوسری بار پوچھ گچھ کی جا رہی تھی، پہلی بار ان سے پوچھ گچھ 21 جولائی کو کی گئی تھی۔

راہول گاندھی اور دیگر رہنما وجے چوک پر دھرنا دینا چاہتے تھے تاہم پولیس نے انھیں چوک پر جانے سے روک دیا، راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ہمیں وجے چوک پر بیٹھنے نہیں دیا جا رہا ہے، یہ ہے بھارت کی حقیقت کہ یہ ایک پولیس ریاست ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک "راجہ" بن کر حکم چلا رہے ہیں۔