جامشورو میں ہائی ٹرانسمیشن لائن کے 2 ٹاوروں کو بم دھماکے سے اڑانے کی کوشش

15jamshorolin.jpg

جامشورو میں موجود 500 کے وی کی این کے آئی سرکٹ میں کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ٹاور 463 میں دھماکا ہوا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی ہائی ٹرانسمیشن لائن کے ایک ٹاور کو جامشورو سے بم دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب بھی دہشت گردوں کی طرف سے ایک ٹاور کو بم دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی گئی تھی، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جامشورو میں موجود 500 کے وی کی این کے آئی سرکٹ میں کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ٹاور 463 میں دھماکا ہوا، ایسی اہم تنصیبات کو بم دھماکے سے تباہ کرنا تخریب کاری ہے۔


بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکہ کرنے کے لیے 800 گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، دہشت گردوں کی طرف سے ٹاور 463 کو اڑانے کے لیے پلر کے تمام حصوں میں 200 گرام بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔

پولیس حکام نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ دہشت گردوں کی طرف سے گزشتہ شب ٹاور 467 کو بھی دھماکے سے تباہ کرنے کی کوشش ہوئی تھی جس کے لیے 400 گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ واپڈا حکام کا کہنا تھا کہ دونوں ٹاورز کے پلر محفوظ رہنے کے باعث کراچی کو بجلی کی فراہمی میں کوئی تعطل پیش نہیں آیا۔

دوسری طرف ذرائع کے مطابق سندھودیش روولیوشنری آرمی کے ترجمان سوڈھو سندھی نے نامعلوم مقام سے میڈیا کو جاری بیان میں ہائی ٹرانسمیشن لائینوں کو جامشورو کے یوسف گوٹھ کے قریب بم دھماکوں سے نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ جامشورو کے یوسف کھوسو گوٹھ کے قریب 500kv ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کے دونوں ٹاورز کو بم دھماکوں سے نشانہ بنایا ہے۔