
رانا شمیم اپنے حلف نامے سے منحرف ہو گئے اور حلف نامے کے متن میں شامل الفاظ واپس لے لیے ہیں جس کے بعد ن لیگ کی عدلیہ کے خلاف ساری کمپین بے وقعت ہو گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے حلف نامے کے بعد کی صورتحال پر صحافی عباس بشیر نے سوال اٹھایا ہے کہ اب کہ جب ن لیگ کا سارا سیاسی پروپیگنڈہ جھوٹ پر مبنی ثابت ہوا ہے تو کیا مریم نواز سابق چیف جسٹس سے معافی مانگیں گی؟
عباس بشیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ رانا شمیم کے بیان حلفی واپس لینے پر مریم نواز جھوٹی ثابت، کیا مریم نواز سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے معافی مانگیں گی؟ ایک اور سوال کیا کہ کیا ن لیگ کا سیاسی پروپیگنڈا جھوٹ پر مبنی تھا؟
https://twitter.com/x/status/1571033586270343171
واضح رہے کہ رانا شمیم نے عدالت کی جانب سے مزید مہلت دیئے جانے کے بعد اپنا لندن میں قلمبند کرایا گیا حلف نامہ غلط قرار دے دیا ہے اور اپنے حلف نامے کے الفاظ واپس لیتے ہوئے غیر مشروط معافی نامہ جمع کرا دیا ہے۔
انہوں نے اپنے معافی نامے میں لکھا کہ بیان حلفی میں غلطی سے ہائیکورٹ کے جج کا نام شامل ہو گیا تھا، اپنی اس سنگین غلطی پر معافی کا طلبگار ہوں10 نومبر 2021 کے بیان حلفی میں جج کا نام غلط فہمی کی وجہ سے شامل ہوا، رانا شمیم نے کہا کہ میں اپنے بیان حلفی کا متن واپس لیتا ہوں۔