ترین گروپ تحریک انصاف میں واپس آنے کو تیار لیکن کس شرط پر؟

tareen-group11.jpg


وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے ترین گروپ کے ناراض ارکان کے ساتھ ملاقات کی، ملاقات میں ترین گروپ کی جانب سے مائنس بزدار کی پہلی شرط رکھی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے ملاقات کی اور مذاکرات کی پیشکش کی، تاہم ترین گروپ کی جانب سے اپنے حقیقی تحفظات سے آگاہ کیا گیا ہے، جبکہ حکومتی ٹیم نے انہیں وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کی پیشکش کی ہے۔

ترین گروپ نے اپنے مطالبات میں کہا ہے کہ وہ پارٹی کو چھوڑنا نہیں چاہتے مگر اس کے لیے عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانا ہوگا۔ ترین گروپ کے 17 ارکان نے اس سلسلے میں اپنے تحفظات کی طویل فہرست پیش کی اور حلقوں کے مسائل، بیورو کریسی کے رویئے سمیت انتقامی کارروائیوں سے حکومتی ٹیم کو آگاہ کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن کے مطابق ترین گروپ نے حلقوں کے حوالے سے بالکل حقیقی تحفظات سامنے رکھے۔ جب گروپ کو پیشکش کی گئی کہ اگر آپ وزیراعظم کے سامنے اپنے معاملات رکھنا چاہتے ہیں تو ملاقات کا اہتمام کروا سکتے ہیں، تو گروپ اراکین نے کہا کہ وزیراعلی کی تبدیلی پہلے نمبر پر مطالبہ ہے۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم نے ترین گروپ کے مطالبات سے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ کر دیا ہے، حکومتی مذاکراتی ٹیم ترین گروپ سے آج شام دوبارہ ٹیلی فونک رابطہ کرسکتی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ جلد ہی حکومتی ٹیم گروپ سے دوبارہ ملاقات کر سکتی ہے۔
 

Back
Top