
جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ریاض مزاری نے ایک آڈیو پیغام کے ذریعے حلقے کے عوام سے رائے مانگ لی کہ وہ بتائیں ایسی صورتحال میں ان کے سیاسی رہنما کا کیا کرنا بنتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریاض مزاری نے اپنے آڈیو پیغام میں 3 سال کے دوران حکومت کی جانب سے نظر انداز کیے جانے کے معاملے پر شکوہ کیا اور اپنے حلقے کے لوگوں کو بتایا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ انہیں ملاقات کیلئے بھی وقت نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ پیسے لیکر حکومت کی مخالفت کرنے کا الزام غلط ہے۔
ریاض مزاری نے مزید کہا کہ ہمیں امید تھی کہ جنوبی پنجاب کے مسائل حل ہوں گے، اسی لیے جنوبی پنجاب محاذ کو تحریک انصاف کے ساتھ ضم کیا گیا تھا۔ میں سیاست صرف عزت کیلئے کرتا ہوں جو کہ موجودہ حکومت نے نہیں کی، حکومت ہمارا کوئی کام کر کے راضی نہیں، حلقے کے عوام بتائیں کہ کیا کرنا چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں بھی پیسے لیکر ووٹوں کی خریدوفروخت کی گئی اگر پیسے لیکر ووٹ بیچنا ہوتا تو میں تب یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیتا حالانکہ میرا ان سے بڑا قریبی تعلق ہے مگر میں نے ان سے معذرت کر لی تھی اور حفیظ شیخ کو پارٹی کے کہنے پر ووٹ دیا تھا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ اس کے 3 منحرف ارکان نے واپسی کیلئے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پرویز خٹک نے بتایا کہ اتحادی اور ترین گروپ کے منحرف ارکان میں سے 3 نے واپسی کیلئے رابطہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے حکومتی ٹیم کو سیاسی رابطے جاری رکھنے کی ہدایت کی، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سےاٹارنی جنرل خالد جاوید نے ملاقات کی، جس میں مختلف قانونی امور پر بھی مشاورت کی گئی، اٹارنی جنرل نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت پر بھی بریفنگ دی۔
اٹارنی جنرل نے تحریک انصاف کے کارکنان کے سندھ ہاؤس واقعہ پر عدالتی تشویش سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ دوبارہ اس طرح کا واقع پیش نہ آئے اور عدالت کا جو بھی حکم آئے اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/khattak1101.jpg