
حکومتی اتحادی جماعت 'گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس" کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے جی ڈی اے نے حکومت کےساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بیان جی این این کے پروگرام" ویوپوائنٹ" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت نے کچھ وعدےپورے کیے ہیں اور بہت سے نہیں کیے مگر پھر بھی ہم مشکل کے اس وقت میں حکومت کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں بات میری ذات کی نہیں ہے، ہمیں ملک کیلئے فیصلہ کرنا ہے، کیا ہماری آنکھیں بند ہیں ہمیں نظر نہیں آرہا کہ افغانستان میں کیا صورتحال ہے، کچھ عرصہ قبل بھارت سے ایک میزائل پاکستان کے اندر گرایا گیا، جو او آئی سی کانفرنس اسلام آباد میں ہوئی جس میں کشمیر کا مسئلہ ایک بھرپور انداز میں پیش کیا گیا،یہ ساری باتیں ہماری ذات سے اوپر کی ہیں لہذا ہمیں بھی اپنی ذات سے بالاتر ہوکر فیصلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر یہ سازشیں ہوتی ہیں، بہت سی قوتیں ایسی ہیں جو چاہتی ہیں کہ پاکستان کو غیر مستحکم کیاجائے، ہم نے بہت سے سوچنے کے بعد فیصلہ کیا ہے، کیونکہ پاکستان ہے یہاں استحکام ہے تو پھر باقی سب باتیں اس کے بعد آتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی ڈی اے نےو اضح طور پر یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم حکومت کے ساتھ ہیں، ہمارے مطالبات بھی جو ہیں وہ سندھ میں وفاقی حکومت کے کردار سے متعلق تھے جو ماضی میں نہیں مانے گئے اور اب ان مطالبات پروفاقی حکومت نے ہمیں یقین دہانی کروائی ہے۔
فہمیدہ مرزا نے کہا کہ اگر مستقبل میں پھر ان وعدوں کو پورا کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیا گیا تو ہمارے پاس تمام آپشنز کھلے ہیں ہم کسی بھی اسٹیج پر حکومت کو چھوڑ سکتے ہیں، لیکن اس وقت ہم نے حکومت کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا اپوزیشن کے لوگوں کی جانب سے کافی رابطے ہوئے ہیں مگر چونکہ میں اور پیر پگارا صاحب اس معاملے میں اپنا واضح موقف رکھتے تھے اس لیے ہمارے اپوزیشن کے ساتھ راستے نہیں جڑ سکے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/fahmidah11ii.jpg