بشریٰ انصاری کےجعلی اکاؤنٹ سےعمران خان کےخلاف پیغامات،ایف آئی اے سےرابطہ

bushra-ansari-imran-khan-twitter-FIA-aa.jpg


سینئر پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے نام سے بنے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی میں درخواست دیدی ہے، ان کے نام سے بنائے گئے جعلی اکاؤنٹ سے عمران خان کے خلاف پیغامات بھیجے جارہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے نام سے بنائےگئے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سیل سے رابطہ کرلیا ہے۔


بشریٰ انصاری نے کراچی میں ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں جعلی اکاؤنٹس اور پیجز سے متعلق درخواست جمع کروائی اور موقف اپنایا کہ ٹویٹر پر میرے نام پر 10 سے زائد جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے ہیں، ان جعلی اکاؤنٹس سے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مواد بھی شیئر کیا جاتا ہے، لہذا سائبر کرائم سیل ان جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کرے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بشریٰ انصاری نے اپنے نام سے چلنے والے اکاؤنٹس سے سیاسی پوسٹس شیئر کرنے پر شدید برہمی کا اظہار بھی کیا تھا۔