
ایف بی آر کے مطابق ادارے نے ٹیکس چوری پر مبنی منی لانڈرنگ کے جرم میں پہلی بار دائر شدہ کیس جیت لیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آئی اینڈ آئی ان لینڈ نے مالک رائے ٹریڈنگ کمپنی باجوڑ خیبرپختونخوا سے ملنے والی مالیاتی معلومات کی چھان بین کے دوران منی لانڈرنگ کا سراغ لگایا تھا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی چھان بین میں ملزم کے کیش اور بینک ٹرانزیکشنز اوراس کی کاروباری پروفائل سے مطابقت نہیں پائی گئی ملزم کے تمام بینک اکاؤنٹس کی کل رقم دو ارب 9 کروڑ روپے تھی جبکہ اس نے 2015 میں صرف 1 لاکھ 92 ہزار 877 روپے ٹیکس ادا کیا تھا۔
ملزم نے اپنی کل آمدن اور بینک اکاؤنٹس کو چھپایا اور ٹیکس اتھارٹی کو غلط معلومات فراہم کیں جس پر اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ عدالت کی اجازت کے بعد بینک اکاؤنٹس کو اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کی شق 8 کے تحت ضبط کر لیا گیا ہے۔
مقدمہ کے ٹرائل کے نتیجہ میں ملزم کو اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کی شق 4 کے تحت دو سال کی قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوا۔ ملزم کو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی شق 192 اے کے تحت ایک سال کی قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد ہوا عدالت نے مجرم سے حاصل ہونے والی رقم 2090.4 ملین روپے بھی ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
مقدمہ جیتنے پر مشیر خزانہ شوکت ترین اور چئیرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آئی اینڈ آئی کی کارکردگی کی تعریف کی اور اس کامیابی پر مبارک باد دی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/fbr%20kht.jpg