
قومی کرکٹر عمر اکمل نے اپنے حالیہ انٹرویو میں تنقید کرنے والے سابق کھلاڑیوں سے متعلق کہا ہے کہ اگر میں نے راز فاش کیے تو ان کی عزت نہیں رہے گی، لوگ ہماری کرکٹ دیکھنا چھوڑ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عمر اکمل نے ایک سوشل میڈیا پوڈکاسٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو لوگ آج باتیں کررہے ہیں میں نے ان کے ساتھ بھی بہت کرکٹ کھیلی ہے، میرے پاس ان کے بھی راز ہیں، اگر میں نے وہ رازفاش کردیئے تو ان کی عزت نہیں رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں نے راز فاش کیے تو عوام ہماری کرکٹ دیکھنا چھوڑ دیں گے، ایسا نا ہو ہماری کرکٹ کا ہاکی سے بھی برا حال ہو، میں نے پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹر کیلئے بگ بیش اور بی پی ایل جیسی بڑی لیگز کی کروڑوں کی آفرز کو ٹھکرادیا، مجھے کہا جاتا رہا کہ آپ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں تاکہ نوجوانوں کو آپ سے سیکھنے کا موقع ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بڑی لیگز کی آفرز کو ایک بار ٹھکرادو تو وہ پھر آفر نہیں کرتے، اگر میں نے پاکستان کرکٹ کیلئےاتنی قربانیاں دی ہیں تو بدلے میں مجھے کیا دیا جارہا ہے؟
بابراعظم کو جوتے نا دینے سے متعلق معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ بابراعظم بہت اچھا لڑکا ہے، ایسی کوئی بات نہیں ہے، اگر بابر آن کیمرہ آکر بول دے کہ عمر اکمل نے جوتے دینے سے انکار کیا تو میں پھر اس معاملے میں جواب دہ ہوں گا، میں اپنی بہن یا کسی قریبی رشتہ دار کی شادی میں ڈانس کرکے انجوائے نہیں کروں گا تو کہاں کروں گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/afridiaahaha.jpg