
صحافی وجاہت سعید خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خلاف پاکستان میں دہشت گردی، بغاوت پر اکسانے اور غداری جیسے مقدمات قائم ہیں۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک تفصیلی بیان میں وجاہت سعید خان نے کہا کہ مجھے ایسی خبریں موصول ہوئی ہیں کہ پاکستان میں میرے خلاف تشدد ، بغاوت پر اکسانا، مدد فراہم کرنا ، دہشت گردی اور غداری جیسے مقدمات درج ہیں،یہ مقدمات ایک ایسے شخص کی مدعیت میں درج کیے گئے جسے میں جانتا تک نہیں ہوں۔
وجاہت سعید خان نے کہا کہ مجھ پر غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا ایجنٹ ہونے، حکومت کو کمزور کرنے ، فوج کو تقسیم کرنے ، دہشت گردی کو بڑھاوا دینے، ریاستی اداروں پر حملہ کرنے اور ملک میں خانہ جنگی شروع کروانے جیسے الزامات لگائے گئے، میرے خلاف درج مقدمات میں دہشت گردی کی سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں جن کی سزا موت ہے۔
https://twitter.com/x/status/1668306824221667347
وجاہت سعید نے خود پر عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد اور لغوقرار دیا اور کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ جس پولیس افسر نے یہ الزامات عائد کیے ہیں اس نے میرےوکیل کو بتایا ہے کہ یہ کیس ان کے دائرہ کار میں نہیں ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ دیگر حکام اس معاملے کو ممکنہ طور پر غیر قانونی طور پر ہینڈل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کا ایک قابل فخر شہری ہوں ، اور شائد یہی سب سے بڑی فخر کی بات ہے، میں نے اپنا کیریئر پاکستان کے فرنٹ لائنز سے رپورٹنگ کے لیے وقف کیا ہے، میں اسی فوج کے ساتھ تعینات رہا جس کو تقسیم کرنے کے الزامات مجھ پر عائد کیے جارہے ہیں،میں نے انہی دہشت گردوں اور دشمن غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے بارے میں اطلاع دے کر اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کو خطرے میں ڈال دیا ہے جن سے متعلق یہ الزام لگاتے ہیں کہ میں ان کے ساتھ مل کر سازش کررہا ہوں۔
https://twitter.com/x/status/1668168630096240640
وجاہت سعید خان نے کہا کہ یہ جھوٹے الزامات پاکستان میں آزادی اظہار، آزادی صحافت اور تحریک آزادی کو سلب کرنے کے ایک بڑے نمونے کا حصہ ہیں،درحقیقت یہ پاکستان میں جمہوریت کے عمل کو روکنے کے لیےاستعمال کیے جانے والے ہتھکنڈےہیں۔
میں ان الزامات کا پاکستان کی بہادر عدلیہ کے ذریعے سامنا کروں گا اور ان کا مقابلہ کروں گا، میری جنگ بہت آسان ہوگی کیونکہ مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
خیال رہے کہ وجاہت سعید خان کے خلاف اسلام آباد میں متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے 9 مئی 2023 کو حکومت اور افواج پاکستان کے خلاف تشدد، دہشت گردی اور بغاوت کو ہوا دینے والے سوشل میڈیا مواد کو شیئر کیا گیا۔
https://twitter.com/x/status/1668170495345434624
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/wajahatskhanash.jpg