آڈیو کون لیک کررہاہے؟کون بھیجتا ہےصحافیوں کو؟فواد کا تحقیقات کا مطالبہ

fawad-ch-imran-khan-audio-leaks-sp.jpg


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ویسے آڈیو کون لیک کر رہا ہے؟ کون بھیجتا ہے صحافیوں کو آڈیوز؟

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جو آڈیو لیک کر رہے ہیں پہلے ان پہ ایکشن ہونا چاہیے، جب آڈیو لیک کرنے والوں پر ایکشن ہو گا تو اس کے بعد آگے معاملات دیکھے جائیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ صوبائی اسمبلیاں بحال کرنی ہیں تو پہلے آئین کو ہی ختم کرنا ہو گا، وزیرِ اعلیٰ کے پاس اسمبلیاں تحلیل کرنے کا جو اختیار ہے پہلے اسے کالعدم قرار دینا ہو گا۔


انہوں نے کہا کہ ممبران صوبائی اسمبلی نے یہ جانتے ہوئے ووٹ دیا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوں گی، اسمبلیاں تحلیل ہونے کا جانتے ہوئے ووٹ دینے سے بڑا جمہوری عمل کیا ہو گا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا اگر اسمبلیاں دوبارہ بحال ہوتی ہیں تو دوبارہ تحلیل کر دی جائیں گی۔

یاد رہے کہ تحریکِ انصاف نے آڈیو لیک کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کی صدر یاسمین راشد نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ جس میں وزراتِ داخلہ، وزارتِ دفاع، چیف سیکریٹری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔