
آئندہ عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں،ریٹرنگ آفیسرز اور ڈپٹی ریٹرنگ آفیسرز کی فہرستیں اور معلومات مرتب کر لی گئی ہیں۔ذرائع الیکشن کمیشن
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ ہونے والے عام انتخابات کے لیے اپنی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے غیرحساس سامان کی خریداری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ بیلٹ پیپرز کے لیے کاغذ کی خریداری بھی مکمل کر گئی ہے اور پرنٹنگ کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔
حلقہ بندیوں کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، انتخابی فہرست کو اپ ڈیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ پولنگ سٹاف کی تمام معلومات مرتب کر لی گئی ہیں جبکہ پولنگ سٹیشنز کی تعداد کے علاوہ پولنگ سٹیشنز کہاں کہاں بنائے جا رہے ہیں تمام ڈیٹا مرتب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) کے استعمال کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے جبکہ ریٹرنگ آفیسرز اور ڈپٹی ریٹرنگ آفیسرز کی فہرستیں اور معلومات مرتب کر لی گئی ہیں، 3 ماہ پہلے ہی سرکاری افسران کی فہرست طلب کر لی گئی تھیں۔
ریٹرنگ آفیسرز اور ڈپٹی ریٹرنگ آفیسرز کی تعیناتی کا فیصلہ انتخابات کے قریب کیا جائے گا جس کے لیے آر اوز سے متعلقہ قانون میں 3 گروہ میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں بیوروکریسی، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے افسران شامل ہوں گے جبکہ انتخابی عملہ کی تربیت کے حوالے سے بھی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق نتخابات کے لیے پلان اے اور بی تیار کر لیے گئے ہیں۔ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس 22 نومبر کو طلب کیا گیا ہے جس میں الیکشن کمیشن کے تمام ونگز اور الیکشن کمشنرز کو طلب کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں 10 ماہ پڑے ہیں لیکن اگر آج ہی اعلان کر دیا جائے تو اس کیلئے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تیاری مکمل کر رکھی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ecp%5Bjj.jpg