
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ نے مزید دہشت گرد پیدا کیے ہیں، بطور اتحادی امریکی پالیسیوں کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے یہ گفتگو سی این این کے اینکر فرید زکریا کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ امریکہ کو ابھی بھی ڈرون حملوں سے متعلق اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی، امریکہ کی جنگ میں شمولیت کے بعد اسلام آباد ایک قلعہ کا منظر پیش کررہا تھا، امریکی بم حملوں میں عام لوگ مارے گئے، بعد میں پاکستان میں ہونے والے خود کش حملوں میں ہمارے تقریبا 80 ہزار لوگ مارے گئے۔
افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکہ کے عوام کو یہ سمجھنا ہوگا کہ طالبان کو ناپسند کرنا اور بات ہے مگر وہاں چار کروڑ انسان بھی رہتے ہیں، معاشی دباؤ سے طالبان نہیں افغان عوام متاثر ہوں گے ، افغانستان میں اس وقت ایک انسانی بحران جنم لے رہا ہ،جس سے متعلق ہر کوئی تفتیش میں مبتلا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں اس وقت طالبان کا کوئی متبادل نہیں ہے، طالبان کی تحریک کا ایک بہت مضبوط سیاسی پس منظر ہے جس سےمغربی ممالک بالکل بھی واقفیت نہیں رکھتے، اس وقت افغانستان کے حالات کیلئے ایک ہی آپشن ہے کہ طالبان کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ آج یا کل دنیا طالبان کی حکومت کو تسلیم کرلے گی، اگر ان پر پابندیاں لگائی گئیں ان کے اثاثے منجمد کیے گئے تو خرابی پیدا ہوگی، ہمارا ماننا ہے کہ مستحکم افغانستان مستحکم پاکستان کا باعث بن سکتا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ بلوچ دہشت گرد تنظیمیں، پاکستان طالبا ن اور داعش ملک کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہیں، پاکستان میں اس وقت 30 لاکھ سے زائد افغان پناہ گزین موجود ہیں۔
کشمیر میں بھارتی ظلم کو ستم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیری مسلمانوں کے خلاف جو کچھ ہورہا ہے وہ جنگی جرائم ہیں ، بھارت میں آر ایس ایس نظریہ کی حکمرانی ہے۔ وزیراعظم نے ایغور مسلمانوں سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ سنکیانک اور کشمیر کے حالات کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا،سنکیانک سے متعلق مغربی میڈیا جو کچھ رپورٹ کررہا ہے چین کا مؤقف اس سے مخلتف ہے۔ ہم نے اپنے سفیر کو وہاں جائزہ لینے کیلئے بھیجا ، ہمارے سفیر کی رپورٹ مغربی میڈیا سے مختلف ہے ہم اس پر یقین کریں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9pmikfaridzakiracnnn.jpg