
امریکہ کے نیشنل سیکیورٹی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکہ کبھی بھی پاکستان کا حقیقی اتحادی نہیں رہا۔
امریکا کے نیشنل سیکیورٹی کے ترجمان جان کربی نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ پاکستان کبھی بھی امریکا کا حقیقی اتحادی نہیں رہا اور نہ ہی اس کے ساتھ کوئی باضابطہ معاہدہ ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز نے خبر دی ہے کہ جان کربی نے واشنگٹن میں بائیڈن انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے یہ وضاحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گرچہ پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کی گئی ہیں، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان امریکا کا اتحادی ہے۔
جان کربی نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام بین الاقوامی سرحدوں کے پار ہونے والی دہشت گردی کے نشانے پر ہیں، اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے شراکت داری کا عزم برقرار رہے گا۔
جب بائیڈن انتظامیہ کے مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے کی کوششوں پر سوالات کیے گئے تو جان کربی نے واضح کیا کہ اگر اسرائیل اور حماس کے درمیان کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو یہ بھی بائیڈن انتظامیہ کی کوششوں کا نتیجہ ہوگا۔
اسی طرح، روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ پر بات کرتے ہوئے جان کربی نے کہا کہ امریکا یہ چاہتا ہے کہ جنگ کا خاتمہ ہو، لیکن وہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی پر مذاکرات کے لیے اپنی شرائط نہیں مسلط کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ روسی صدر پیوٹن مذاکرات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
جان کربی نے یہ بھی بتایا کہ امریکا چاہتا ہے کہ اگر زیلنسکی مذاکرات میں شامل ہوں تو ایک مضبوط پوزیشن میں آ کر شامل ہوں، تاکہ میدان جنگ میں کامیابی کے لیے ان کی کوششوں کی رہنمائی کی جا سکے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/0FdymXC/jan.jpg