
حکمران اتحاد پی ڈی ایم نے صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن میں ملتوی کروانے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔فیصلہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہبازشریف اور آصف زرداری سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔
نجی چینل کے ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر کے لیے عدالتوں میں درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے سندھ حکومت اور پھر بلوچستان حکومت کی جانب سے عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کی جائے گی جس میں موقف اختیار کیا جائے گا کہ الیکشن نئی مردم شماری کے بعد کروائے جائیں۔
درخواستوں میں یہ موقف بھی اختیار کیا جائے گا کہ مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں لازمی ہیں، نئی حلقہ بندیوں کے عمل کےلیے آئینی طور پر کم سے کم 90 دن درکار ہوتےہیں۔
ماہرین کے بعد ابھی تک حکومت نے نئی مردم شماری کا آغاز نہیں کیا، اگر حکومت مارچ سے مردم شماری کا آغاز کرتی ہے تو نئی فہرستیں، نئی حلقہ بندیاں ہونے کیلئے کم از کم 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔
حلقہ بندیوں کے بعد ان پر اعتراضات فائل کرنے کیلئے بھی دو سے تین ماہ درکار ہیں اور اسکے بعد ووٹر لسٹیں مرتب ہوں گی جس کے بعد الیکشن اکتوبر میں بھی ہونا مشکل لگ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہیں اور نگران حکومتیں کام کر رہی ہیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز نے تاحال الیکشن کی تاریخ نہیں دی جس کی وجہ سے تحریک انصاف نے عدالت سے رجوع کیا ہے