
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے چائلڈ پورنو گرافی کے مقدمہ میں جرم ثابت ہونے پر اسحاق نامی مجرم کو 29 برس قید کی اور 21 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے مجرم اسحاق پر مجموعی طور پر 21 لاکھ روپے جرمانہ، بدفعلی پر 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ اور چائلڈ پورنو گرافی پر بھی 14 سال قید 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔
مجرم نے 4 بچوں کے ساتھ زیادتی کے بعد ان کی ویڈیوز بنائیں، غیر اخلاقی ویڈیو دکھانے پر مجرم کو ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ الگ سے عائد کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے چائلڈ پورنو گرافی کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت کو پیکا ایکٹ میں ترمیم کرکے چائلڈ پورنو گرافی کی سزا 14 سے 20 سال تک کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اسلام آباد کی عدالت عالیہ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے ماضی میں چائلڈ پورنوگرافی سے متعلق کیس کی سماعت میں کہا تھا کہ متاثرہ بچے کو عدالت میں ملزم کے ساتھ پیش نہ کیا جائے اور بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے، اگر ویڈیو ثبوت کی فرانزک ایجنسی سے تصدیق ہوجائے تو متاثرین کو عدالت بلانے کی بھی ضرورت نہیں، ٹرائل بھی ان کیمرا ہو تو بہتر ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/cld-isb.jpg