
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کامن ویلتھ گیمز کے جویلین تھرو مقابلے میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔ 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان اسپورٹس پالیسی کے تحت کیا گیا۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی آصف زمان کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم کو جنوبی افریقا میں ٹریننگ دلوانے کا فائدہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم سمیت تمام میڈلز جیتنے والوں کو وزیراعظم ہاؤس لے جایا جائے گا۔
اُدھر ارشد ندیم نے ملک کیلئے گولڈ میڈل جیتا تو مبارکبادوں اور نیک خواہشات کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوا صدر مملکت۔ وزیراعظم، آرمی چیف، سابق وزیراعظم عمران خان، مریم نواز اور لاتعداد سوشل میڈیا صارفین نے ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر عارف علوی نے ارشد ندیم کو کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنےاور تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد دی اورکہا کہ آپ قوم کا فخر ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا 'ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، ارشد ندیم کی مستقل مزاجی، جذبہ اور محنت ہمارے نوجوانوں کے لیے سبق آموز ہے'۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ارشد ندیم مبارک ہو آپ انجری سے نمٹنے کے بعد نہ صرف پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتے بلکہ 90.18 میٹر کا نیا ریکارڈ بھی لگا دیا۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد دی۔
حکومتی شخصیات کے علاوہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی، چیئرمین سینیٹ اور لاتعداد سوشل میڈیا صارفین نے ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کیلئے دعائیں کیں۔