
اردو بولنا جرم بن گیا،کراچی میں استاد نے طالبعلم کے چہرے پر کالک مل دی
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے نجی اسکول میں طالبعلم کا اردو بولنا جرم بنادیا گیا، معزز اساتذہ نے شاگرد کے منہ پر کالک مل دی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
نجی اسکول میں اردو بولنے پر طالب علم موسیٰ عاطف کا منہ کالا کرنے کے واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز حرکت میں آگیا، تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے کمیٹی نجی اسکول کا دورہ کرے گی۔
کمیٹی پرنسپل، اساتذہ اور متاثرہ طالب علم کے والدین کے بیانات لیے جائیں گے جبکہ تحقیقات مکمل کرنے کے بعد رپورٹ تین دن میں جمع کروائی جائے گی۔
طالب علم کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ اسکول میں میرے بیٹے کو اردو میں بات کرنے پر تضحیک کا نشانہ بنایا گیا اور اسکول میں بیٹے کے چہرے پر کالک لگائی گئی،بچے کے والد کے مطابق جب واقعے پر اسکول انتظامیہ سے بات کرنا چاہی تو کوئی جواب نہیں دیا گیا۔