
حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کےسربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیک ہونا انتہائی تشویشناک بات ہے، میں وزیراعظم سے کہوں گا کہ ذمہ داروں پر سخت ہاتھ ڈالیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم سربراہ نے ملتان میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتا ہے میرے خلاف سازش ہوئی، وہ بتائیں کہ ایکس وائی زیڈ کون ہے، ہم نے ان کی حکومت گرائی تو ان کا ایجنڈا مکمل نہیں ہوا، یہ جھوٹے اور نااہل ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پاگلوں کی طرح گلیوں میں گھوم رہے ہیں، ان کی حکومت نے پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ رول بیک کیا، چین ہم سے ناراض ہے ، اس منصوبے میں چین کی بہت بڑی سرمایہ کاری تھی، سابقہ حکومت نے سی پیک کی خفیہ معلومات امریکہ کو دی ، ہمارا اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے حوالے کردیا ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ کرپشن پر سیاست کی، سابق وزیر خزانہ کی آڈیو لیک ہوئی ، شوکت ترین چاہتا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہوجائے، اسحاق ڈار نے ماضی میں معیشت کو بہتر کیا ہے، ان کےتجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے، تاہم میرا ان کی واپسی کے حوالے سے کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔