
انتیس نومبر کو آرمی چیف کی مدت ملازمت ختم ہورہی ہے, آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ہدایت کردی کہ سنیارٹی کی بنیاد پر آرمی چیف کی تعیناتی ہوگی.
سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ لندن میں نہیں ہوسکتا یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہی ہوگا اور جب تک جی ایچ کیو سے نام نہیں آتے کوئی نہیں کہہ سکتا آرمی چیف کون ہوگا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو میں حامد میر نے کہا کہ اس وقت آرمی چیف کی تعیناتی پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ لگ رہا ہے، پچھلے تین چار آرمی چیفس کی تقرری کے وقت سمری 18نومبر سے20نومبر تک آئی ہے، جی ایچ کیو سمری بھیجے گا تب ہی آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت شروع ہوگی، اس لیے جب تک جی ایچ کیو پانچ جنرلوں کے ناموں کی سمری وزیراعظم کو نہیں بھجوائے گا کوئی نہیں کہہ سکتا اگلا آرمی چیف کون ہوگا۔
حامد میر نے مزید کہا اعلیٰ سطح کے امریکی حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت ہے اس کی چار جگہوں پر حکومت ہے، اس کے لیڈر ہمارے بارے میں کچھ بھی کہیں ہم اسے نظرانداز نہیں کرسکتے۔
حامد میر نے کہا امریکی حکومت اور امریکی سفارتخانے کا تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ قریبی رابطہ ہے، اس سے تاثر ملتا ہے عمران خان اور امریکا کے درمیان تعلقات بہتر ہورہے ہیں، عمران خان کے برطانوی اخبار کو انٹرویو سے بھی اس تاثر کو تقویت ملتی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں ہوا،اس تعیناتی کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے، آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں ہوا۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم عمران خان کا محاسبہ کرے۔ یہ ابھی بھی امپائر کی انگلی کا منتظر ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا کے کس ملک میں ہوتا کہ مفرور شخص ملک کی سکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کرے؟ اس پر قانونی کارروائی کیلئے وکلاء سے مشاورت کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر ایک مفرور سے مشورہ سرکاری خفیہ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، اس پر قانونی کارروائی کیلئے ہم اپنے وکیلوں سے بات کر رہے ہیں، اس پر ایکشن لیں گے، آرمی چیف کی اتنی بڑی پوزیشن پر وزیراعظم ایک مفرور سے کیسے بات کرسکتاہے؟الیکشن ہوں گے یا نہیں ہوں گے یا کب ہوں گے، آخر میں ہوں گے یا جلدی ہوں گے؟ کیا وہ مفرور سزا یافتہ الیکشن کے اہم معاملے پر فیصلہ کرے گا؟
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/hamdih1h1i1.jpg