
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے حالیہ بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان آرام سے زمان پارک میں بیٹھیں ، جو آگ انہوں نے لگائی ہے اب وہ دوبارہ لگانے نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے سخت زبان استعمال کی اور کہا کہ عمران خان کس کو تیار رہنے کا کہہ رہے ہیں ؟ غنڈے، دہشت گرد اور مسلح جتھے تو قانون کے مطابق گرفتار ہیں، عمران خان کس کو آواز دے رہے ہیں؟عوام ان کی دہشت گردی اور ملک دشمنی کا حصہ بننے کو تیار نہیں ہیں اور عوام نے دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کو مستر د کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حساس سرکاری عمارتوں پر حملہ کرنے والے، یادگاروں کی بےحرمتی کرنے والے،اسکولوں، مساجد ، ایمبولینس اور دیگر سرکاری و پبلک املاک کو نذر آتش کرنےوالوں کو گرفتارکیا جاچکا ہے، عمران خان آرام سے زمان پارک میں بیٹھیں، جو آگ انہوں نے لگائی اب و دوبارہ لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی پرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں،ہماری جماعت کی سینئر قیادت اور 7ہزار کارکنان کو جیلوں میں بھیج دیا گیا ، یہ بھی تحقیقات نہیں کی گئیں کہ سرکاری عمارتوں پر حملوں اور مظاہرین کی ہلاکت کا ذمہ دار کون ہے، ان کا منصوبہ ملک کی سب سے بڑی وفاقی جماعت پر پابندی عائد کرنا ہے۔