
مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد آئی سی سی کی جانب سے ٹیم آف ٹورنامنٹ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں پاکستانی کرکٹر بابراعظم کو ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا ہے اور بولرز میں شاہین آفریدی کا نام ہے جب کہ 12 رکنی اس ٹیم میں کوئی بھارتی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا نے جیت لیا ہے جس کے بعد آئی سی سی نے اپنی ایک ٹیم آف ٹورنامنٹ کا اعلان کیا ہے جس میں آسٹریلیا کے 3، پاکستان، انگلینڈ، سری لنکا، جنوبی افریقہ کی ٹیموں سے 2،2 جب کہ نیوزی لینڈ کا ایک کھلاڑی شامل کیا گیا ہے۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ آئی سی سی نے کسی ٹورنامنٹ کے اختتام پر نامزد کردہ ٹیم میں کسی بھارتی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا۔
https://twitter.com/x/status/1460169488574390275
آئی سی سی کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بابر اعظم کپتان ، ڈیوڈ وارنر ، جوز بٹلر، چریتھ اسالانکا ، مارکرم ، معین علی ، ونندو ہسارنگا ، ایڈم زمپا ، جوش ہیزل ووڈ ، ٹرینٹ بولٹ ، نورکیا اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ٹیم کا انتخاب آئی سی سی کے 5 رکنی پینل نے کیا ہے اور بھارتی ٹیم سیمی فائنل کیلئے بھی کوالیفائی نہیں کرسکی تھی، اُسے پاکستان اور نیوزی لینڈ نے شکست سے دوچار کیا تھا۔