
وزیر خزانہ کی امریکی سفیر سے آئی ایم ایف معاہدہ کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست۔۔حکومت ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے اور آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے: اسحاق ڈار
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے آج امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تجارت وسرمایہ کاری تعلقات کا مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
امریکی سفیر سے ملاقات کے موقع پر وزیر خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کو مکمل کرنے کیلئے امریکی سفیر سے کردار ادا کرنے کیلئے کہا۔ ملاقات میں امریکی سفیر کو ملک کی معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف سے معاہدے میں پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بینک کو سعودی عرب کی طرف سے 2 ارب ڈالرز فنانسنگ کی یقین دہانی اور متحدہ عرب امارات سے 1 ارب ڈالرز فنانسنگ کے حوالے سے امریکی سفیر کو آگاہ کیا۔ ملک کی معاشی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے معاشی استحکام ونمو اور اقتصادی زوال روکنے کیلئے حکومت کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کے معاشی استحکام اور عوام کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ اقتصادی، تجارتی وسرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ تعلقات بڑھانے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کیا۔
امریکی سفیر نے آئی ایم ایف سے پاکستان کے معاہدے میں کردار ادا کرنے اور دوطرفہ تعلقات بڑھانے کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے اور آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے، اضافی وسائل اور زرمبادلہ کی ضرورت ہو گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ishaaq-dhaha.jpg