لاڑکانہ ( 24نیوز ) آصفہ ڈینٹل کالج لاڑکانہ کی فائنل ایئر کی طالبہ ڈاکٹر نمرتا کی موت سے قبل سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی،لیکن سوالات وہیں کے وہیں، ویڈیو نے معاملہ مزید الجھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں آصفہ ڈینٹل کالج کی فائنل ایئر کی طالبہ ڈاکٹر نمرتا کی موت سے قبل سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی، 24نیوز نے فوٹیج حاصل کرلی، آخری فوٹیج میں نمرتاکالج آڈیٹوریم میں مہران ابڑو اور علی شان کے ساتھ بیٹھی ہے، طالبہ کی موت کیسے ہوئی؟سوالات وہیں کے وہیں، ویڈیو نے معاملہ مزید الجھا دیا۔
دوسری جانب کندھ کوٹ میں نمرتا کماری کے واقعہ پرسیکڑوں افرادنے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا ہے، مظاہرین کا کہنا تھاکہ نمرتا کماری سے انصاف کریں اور قاتلوں جلد گرفتار کیا جائے، نمرتا کماری سے انصاف نہ ہوا تو سندھ کے بچیاں تعلیم سے محروم ہوجائیں گی۔
میڈیکل کا لج کی انتظامیہ قاتلوں کو بچانا چاہتی ہے اس لیے وائس چانسلر کو ہٹا دیا گیا، نمرتا کے خون سے انصاف کیا جائے، یہ واقعہ قتل کا ہے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، واقعات سے سندھ بھر میں دکھ کا ماحول بن گیا ہے ۔
واضح رہے کہ پیر کے روز سندھ کے شہر لاڑکانہ میں واقع آصفہ ڈینٹل کالج کی فائنل ائیر کی طالبہ نمرتا کماری کی نعش پراسرار طور پر کالج کے ہاسٹل میں ان کے کمرے سے برآمد ہوئی تھی،جس کے بعد پولیس اور کالج انتظامیہ نے اسے ابتدائی طور پر خودکشی قرار دیا تھا، تاہم ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔