
ملک میں شدید معاشی بحران کےباعث مختلف صنعتوں پر اس کے اثرات نظرآنا شروع ہوگئے ہیں، کچھ عرصے قبل لگائے گئے موبائل مینوفیکچرنگ یونٹس کی جانب سے ملازمین کو فارغ کیا جانے لگا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کی حکومت کی جانب سے متعارف کروائے گئے ٹیکس کے نئے نظام، بدترین مہنگائی و لوڈ شیڈنگ کے باعث صنعتوں کیلئے شدید مسائل پیدا ہوگئے ہیں، ایسی ہی صورتحال کا سامنا لکی موٹرز کی جانب سے حال ہی میں پاکستان میں لگائےگئے سام سنگ موبائلز کے مینوفیکچرنگ یونٹ کو بھی کرنا پڑرہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سام سنگ موبائل فیکٹری کی جانب سے پاکستان میں خام مال کی عدم دستیابی کے باعث متعدد ملازمین کو فارغ کردیا گیا ہے، سام سنگ کے علاوہ Vivo موبائل فیکٹری کی جانب سے بھی 1000 کے قریب ملازمین کو برطرف کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
یادرہےکہ لکی موٹر کارپوریشن کو پی ٹی اے نے اگست 2021 میں پاکستان میں سام سنگ موبائل ڈیوائسز تیار کرنے کی اجازت دی تھی، جو کہ دوسری چیزوں کے علاوہ ملازمت کی تخلیق اور جی ڈی پی میں شراکت کے لحاظ سے ایک بڑی خبر کی طرح لگ رہی تھی۔
خیال رہے کہ معاشی بحران کے نتیجے میں کریم فوڈ اور ایئر لفٹ جیسے کاروبار نے حال ہی میں کچھ شعبوں میں کام کرنا بند کر دیا ہے اور اپنے ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔