
مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد وسابق وزیراعظم نوازشریف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کے امیدواروں کو ہونے والی عبرتناک شکست کے بعد جاری بیان میں کہا ہے کہ ان کی جماعت کو یہ نقصان کیے گئے مشکل فیصلوں کی وجہ سے ہوا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نوازشریف نے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے رابطہ کیا اور ضمنی انتخابات کے نتائج کے تناظر میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کر دی۔
ادھر مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ پارٹی کو سابق حکومت کی نااہلی کے باعث کیے گئے مشکل فیصلوں کا نقصان ہوا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ عوامی رائے کا احترام کرتے ہیں۔
دوسری جانب نواز شریف نے شہباز شریف کو ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری نتائج آنے کے بعد ہنگامی اجلاس میں آئندہ مرحلے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔