
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے گیٹ نمبر 4 کا راستہ معلوم نہیں ، اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں خبررساں اداروں کے بیوروچیفس سے ملاقات کی جس میں غیر رسمی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جیسے ہی میں اپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کرتا ہوں افواہیں گردش کرنا شروع ہوجاتی ہیں، میرا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، مجھے گیٹ نمبر 4 کا راستہ معلوم ہے اور نہ ہی کبھی ہم نے یہ راستہ استعمال کیا ہے۔
لانگ مارچ سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ100 فیصد یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ لانگ مارچ پوری طرح کامیاب ہوگا یا نہیں، اس وقت ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت بڑے مسئلے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نہ کبھی گالی دوں گا نہ کسی کو مارنے کی بات کروں گا، اگلی حکومت جس بھی پارٹی کی ہوگی اس کیلئے بہت مشکلات ہوں گی،ہمیں جو بھی راستہ نظر آئے گا اسے عوام کے سامنے رکھیں گے اور جمہوری طریقےسے مسائل کا حل نکالیں گے۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں یوسف رضا گیلانی کو کون کون سے اراکین نے ووٹ دیا اس بارے میں نہ ہی ن لیگ جانتی ہے اور نہ ہی مولانا فضل الرحمان، صرف میں اور یوسف رضا گیلانی جانتے ہیں کہ کون لوگ ہیں جنہوں نے گیلانی صاحب کو ووٹ دیا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ یہ حکومت جمہوریت کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، ملک میں بجلی گیس، گندم کی قلت پیدا ہورہی ہے مگر عوام کا پرسان حال کوئی نہیں، ان ہاؤس تبدیلی کے بجائے عمران اور اس کی حکومت کو ہٹانے کے خواہش مند ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/bilawal-bhutto-gate-4.jpg
Last edited: