عمران خان کی سابق اہلیہ اور برطانوی پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے لندن میں اپنے گھر کے باہر احتجاج کرنے والوں کی ویڈیو جاری کردی۔
ٹوئٹر پر ' سیاست ڈاٹ پی کے ' کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ ہزاروں مظاہرین کی ویڈیو ہے جو کل میری 88 سالہ بوڑھی والدہ کے گھر کے باہر گھنٹوں احتجاج کرتے رہے۔
جمائما نے لکھا کہ مظاہرین کی جانب سے شدید دھمکیاں دی گئیں، احتجاج میں شامل ایک آدمی نے دھمکی دی کہ ’اگر جمائما اور اس کے بچے یہاں نہیں آتے تو ہم اس کے بیڈروم میں داخل ہو جائیں گے۔‘
انہوں نے میٹرو پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا یہ سب قانونی ہے؟
یاد رہے کہ جمائما گولڈاسمتھ آج کل پاکستان میں خوب سرخیوں میں ہیں جس کی وجہ لندن میں اُن کے گھر کے باہر ن لیگ کی جانب سے احتجاج ہے۔اس سے قبل بھی جمائما گولڈ اسمتھ کہہ چکی ہیں کہ ان کے گھر کے باہر مظاہرے کیے جا رہے ہیں، ایسا لگ رہا ہے جیسے 90 کی دہائی کا لاہور ہے۔