
ایف آئی اے نے گرفتار چوہدری افتخار رسول کو بین الاقوامی حوالہ ہنڈی ومنی لانڈرنگ نیٹ ورک کا سربراہ قراردیدیا۔۔مرکزی ملزم چوہدری افتخار رسول نے 41 کمپنیوں بنانے کا انکشاف کیا، اس سے مزید تفتیش کر رہے ہیں : ایف آئی اے حکام
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کا انسداد منی لانڈرنگ سیل منی لانڈرنگ وحوالہ ہنڈی کے بڑے نیٹ ورک کے حوالے سے چھان بین کرنے میں مصروف تھا۔ تحقیقات میں گارڈن ٹائون لاہور کے رہائشی چوہدری افتخار رسول کی زیرسربراہی منی لانڈرنگ وحوالہ ہنڈی کا ریکارڈ سامنے آیا جس پر کارروائی کی گئی اور بین الاقوامی منی لانڈرنگ نیٹ ورک کے سرغنہ چوہدری افتخار رسول کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق بین الاقوامی منی لانڈرنگ نیٹ ورک ملزم چوہدری افتخار رسول کی زیرسربراہی کام کر رہا تھا۔ ملزم چوہدری افتخار رسول نے عاصم حسین اور قیصر مشتاق کے ساتھ مل کر 41 جعلی کمپنیاں تشکیل دیں جن کے ذریعے وہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کر رہا تھا۔
ایف آئی اے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے گارڈن ٹائون لاہور کے رہائشی چوہدری ملزم افتخار کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ حوالہ اور اربوں کی منی لانڈرنگ کا ریکارڈ بھی ضبط کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر منی لانڈرنگ نیٹ ورک میں شریک ملزمان کے تانے بانے پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت سے مل رہے ہیں جس پر تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جائیں گی روابط ثابت ہو گئے تو انہیں بھی شامل تفتیش کر لیا جائے گا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مرکزی ملزم چوہدری افتخار رسول نے 41 کمپنیوں بنانے کا انکشاف کیا، اس سے مزید تفتیش کر رہے ہیں جبکہ شریک ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مزید بڑے انکشافات جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/iftikh-ghumanas.jpg