
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کیسے کہہ سکتے ہیں کہ نواز شریف میرٹ پر تعیناتی نہیں کرتے۔
نجی چینل کے جیو کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہی جنرل قمر جاوید باجوہ کی تعیناتی کی جنہیں عمران خان نے توسیع بھی دی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کوئی کسی کا آرمی چیف نہیں ہوتا، آرمی چیف ادارے کا ہوتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگر کوئی یہ کہے کہ فلاں شخص فلاں کا آرمی چیف یہ تھیوری پاکستان میں فیل ہو چکی ہے۔ نہ ہی کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ اپنا آرمی چیف لانا ہے، عمران خان کا اول اور آخر اپنی ذات کے گرد گھومتا ہے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ جو مقررہ وقت ہے اس پر تعیناتی کا اعلان کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے ہی اس کا فیصلہ کرنا ہے اور وہ جلد ہی یہ اعلان کر دیں گے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر عمران خان جو مرضی ہے کریں، اُن سے نہ کسی نے پوچھا ہے اور نہ کسی کو پوچھنا ہے۔
یاد رہے کہ گجرات میں لانگ مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ نواز شریف ہمیشہ اس آدمی کو اوپر لے کر آتا ہے جو اس کے فائدے کا ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں جو کامیاب ملک ہیں ان کے ادارے مضبوط ہوتے ہیں، مضبوط اداروں کے اوپر مضبوط ملک ہوتا ہے۔