
کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر طارق روڈ پر انسداد تجاوزات ہٹانے آپریشن مکمل کرکے دلکشاں پارک بحال کر دیا گیا۔ ڈی ایم سی ایسٹ کے مطابق عدالتی حکم پر کی جانے والی کارروائی میں تمام تعمیرات منہدم کردی گئیں۔
پارک کی اراضی پر غیرقانونی طور پر قائم کلب، مدرسہ اور 10 دکانیں مسمار کی گئی ہیں۔ ڈی ایم سی کا کہنا ہے کہ پارک میں قائم رہائش گاہیں بھی توڑ دی گئیں اور پارک سے تجاوزات گرانے کے ساتھ ساتھ ملبہ بھی صاف کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق رات بھر جاری رہنے والا آپریشن 3 بجے مکمل کیا گیا، اس دوران پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
علما نے اس حوالے سے کہا تھا کہ پارک عوام کیلئے ہے تو مسجد بھی عوام کی بنیادی ضرورت اور ریاست کی ذمہ داری ہے ، پارک کی جگہ مسجد کو ترجیح دینے میں سپریم کورٹ کا اقدام بلند اور تاریخی ہو گا، سرکاری جگہ پر بغیر اجازت مسجد بنانا درست نہیں، مین شاہراہ پر متعلقہ حکام کی اجازت کے بغیر چالیس سال سے مسجد کیسے قائم تھی؟
جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ تجاوزات کیخلاف عدالتی فیصلے قابل قدر ہیں، کسی کی ذاتی جگہ پر مسجد کی تعمیر کی شریعت نے اجازت نہیں دی لیکن مسجد بنائی گئی اور بروقت سرکار نے اعتراض نہ کیا تو منہدم کر کے کوئی اور چیز بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی کے علاقے طارق روڈ پر واقع مدینہ مسجد سے ملحقہ پارک کو بحال کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر آپریشن شروع کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1grgg.jpg