کتنے پاکستانی سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں؟ گیلپ کی رپورٹ جاری

social-gallup11h12.jpg


گیلپ پاکستان نے ملک بھر میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کو دیکھتے ہوئے ایک سروے کیا ہے جس کے مطابق ملکی ابادی کا 40 فیصد حصہ سوشل میڈیا استعمال کرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گیلپ پاکستان نے پاکستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے ایک سروے کیا ہےجس میں بتایا گیا ہے کہ ہر پانچ میں سے 2 پاکستانی سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، ملک کی 60 فیصد آبادی کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے جبکہ 40 فیصد آبادی کوسوشل میڈیا استعمال کرتی ہے۔

گیلپ کے مطابق 30 سال سے کم عمر کے دو تہائی پاکستانیوں کے فیس بک، واٹس ایپ، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر اکاؤنٹس موجود ہیں، خواتین کے مقابلے میں مرد زیادہ سوشل میڈیا ایپلی کیشنز استعمال کرتے ہیں۔

سروے کے مطابق 1994 کے بعد پیدا ہونے والے پاکستانیوں کی اکثریت سوشل میڈیا استعمال کرتی ہے، 30 سال سے کم سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کی شرح 62 فیصد ہےجبکہ 30 سے 50 سال کی عمر کےپاکستانیوں میں سے صرف 30 فیصد افراد ہی سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ دلچسپ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ خواتین کی نسبت مردوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی شرح زیادہ ہے جب کہ 1994 کے بعد پیدا ہونے والے نوجوانوں کی اکثریت سوشل میڈیا کا استعمال کرتی ہے۔