کابینہ نے توشہ خانہ سے متعلق معلومات پبلک کرنے کی منظوری دے دی

tosha-khana-cabniet-mnz.jpg


وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ سے متعلق معلومات اور ڈیٹا پبلک کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں توشہ خانہ سے متعلق نظر ثانی شدہ پالیسی کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں نئی پالیسی کو کلاسیفائیڈ نہ رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے معلومات عوام کے سامنے لانے کی منظوری دے دی گئی۔ نئی پالیسی کے مطابق تحفہ حاصل کرنے والی شخصیت اصل قیمت ادا کر کے تحفہ حاصل کر سکے گی۔

اس سے قبل ہونے والی سماعت کے دوران عدالت میں سیکریٹری کابینہ کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا تھا کہ 26 نومبر 2015 کے وزیراعظم آفس کے سرکلر کے تحت توشہ خانہ کے تحائف کی معلومات کلاسیفائیڈ ہوتی ہیں، ایسی معلومات کو افشا کرنے غیر ضروری میڈیا تشہیر ہو سکتی ہے جس سے غیر ملکی تعلقات کو نقصان ہو سکتا ہے۔

سیکرٹری کابینہ نے بتایا تھا کہ بین الاقوامی پریکٹس کے مطابق نئی توشہ خانہ پالیسی بنا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے بین الوزارتی کمیٹی بنائی جس نے پالیسی پر اپنی تجاویز جمع کرائیں، نیا توشہ خانہ بل وزیراعظم آفس کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ کے روبرو رکھا گیا، ہدایت کی روشنی میں توشہ خانہ بل کابینہ کے ارکان کو بھیج دیا ہے۔

بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کے سربراہ کی جانب سے معلومات کے کلاسیفائیڈ ہونے پر حلف نامہ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 7 فروری تک ملتوی کر دی تھی۔