ڈائریکٹر کمرشل پاکستان کرکٹ بورڈ حامد بابر نے اپنے عہدے سے مستعفی

11jjjgdgdhfhgfh.png

سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے پاکستان کرکٹ بورڈ کا بطور چیئرمین عہدہ سنبھالنے کے بعد بڑی تبدیلیوں کا آغاز ہو گیا۔

ڈائریکٹر کمرشل پاکستان کرکٹ بورڈ حامد بابر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، ابھی 2 دن پہلے ہی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تمام شعبوں کے سربراہوں کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ محسن نقوی کو 6 فروری کو 3 سالوں کے لیے چیئرمین پی سی بی منتخب کیا گیا تھا جس کے بعد امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو بھی تبدیل کرنے جانے کا امکان ہے اور اس کے بعد کپتان ٹی 20 کرکٹ ٹیم شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے، آئندہ ہونے والے ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ سے پہلے انہیں عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔


چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی 7 رکنی سلیکشن کمیٹی قائم کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کمیٹی چیئرمین کے بغیر کام کرے گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام ممبران کو ایک جیسے اختیارات دیئے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں 2 دن پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی ٹیم کے آل رائونڈ عماد وسیم کے درمیان معاملے طے ہو گئے تھے جس کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ 4 سال پہلے پی سی بی انتظامیہ کے مبینہ ناروا سلوک پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے محمد عامر نے بھی گزشتہ روز ریٹائرمنٹ واپس لے کر ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے اپنی دستیابی کو ظاہر کیا ہے۔