بھینس پربیٹھ کرکاغذات نامزدگی جمع کروانےجانے والےامیدوار کےساتھ ہاتھ ہو گیا

15buffflooghggkh.png

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے دوران بھینس پر بیٹھ کر کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے جانے والے امیدوار کا الیکشن لڑنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے دوران دلچسپ واقعات پیش آرہے ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ اتر پردیش کے بستی ضلع پر پیش آیا، جہاں لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کے خواہش مند عبدالغفار خان نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے انوکھا آئیڈیا نکالا ۔

عبدالغفار خان ایک بھینس پر بیٹھ کر کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے ضلع کلکٹر کے دفتر جانے کیلئے نکلے اور ان کے تائید کنندگان ان کے پیچھے پیچھے چل رہے تھے۔

تاہم عبدالغفار خان کا الیکشن لڑنے کا خواب اس وقت چکنا چور ہوگیا جب وہ ضلع کلکٹر کے دفتر پہنچے مگر ان کے پیچھے آنے والے تائید کنندگان پیچھے سے غائب ہوگئے، تائید کنندگان نا ہونے کی وجہ سے عبدالغفار خان کو الیکشن لڑنے کا خواب دل میں دبا کر واپس آنا پڑا۔

خیال رہے کہ بھارتی قانون کے مطابق لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کے خواہش مند امیدوار کو کاغزات نامزدگی جمع کرواتے وقت اپنے ساتھ کم از کم 10 تائید کنندگان لانا لازمی ہوتا ہے۔