پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ 'آئی کیوب قمر' چاند کے مدار میں داخل

3pakisyayysnncubebq.png

پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ چاند کے مدار میں داخل ہوگیا ہے، سیٹلائٹ کے ذریعے چاند کی پہلی تصویر 15 سے 16 مئی تک موصول ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے پہلی بار خلاء میں بھیجا گیا سیٹلائٹ "آئی کیوب" کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوگیا ہے، خلائی مشن چاند کے مدار کی جانچ اور تصدیق میں ذیلی نظام کا جائزہ لے گا، مدار میں پہنچنے کے بعد سیٹلائٹ مشن ڈیزائن کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔


امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ خلائی مشن آئی کیوب قمر کے ذریعے 15 یا 16 مئی کو چاند کی پہلی تصویر موصول ہوسکتی ہے، تصویر آنے کے بعد تجزیے اور تحقیق کا باقاعدہ طور پر آغاز ہوگا۔

اس حوالے سے خلائی مشن کے سربراہ ڈاکٹر قمرالسلام اور ڈاکٹر خرم خورشید سمیت پاکستان کی کئی سائنسی ماہرین اور انجینئرز چین میں موجود ہیں، ماہرین کے مطابق چاند کی تصویریں حاصل کرنا تکنیکی طور پر ایک پیچیدہ عمل ہے، سب سے پہلے سیٹلائٹ امیجنگ سسٹم کو آپریشنل کیا جائے گا اور اس سے پہلے تمام متعلقہ ذیلی نظاموں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گا جس میں ایک ہفتے سے بھی زیادہ وقت درکار ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے پہلے خلائی مشن آئی کیوب قمر کو 3 مئی کو چین سے خلاء میں بھیجا گیا تھا۔