چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے آرمی چیف سے درخواست کردی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ نے اس حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے آرمی سے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی معاملات کیلئے فوج سے مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مراسلے میں آرمی چیف سے این اے245 کراچی اور پنجاب کے 20 اضلاع میں ضمنی انتخابات میں سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے درخواست کی، چیف الیکشن کمشنر نے فوج سے خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے بھی درخواست کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے آرمی چیف سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ پاک فوج نے گزشتہ عام ، ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں امن وامان کے برقرار رکھنے کیلئے مثالی کردار ادا کیا، پاک فوج نے حال ہی میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے جس پر پاک فوج کے تعاون کوسراہا جاتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے لکھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں بھی پاک فوج اسی طرح اپنی بہترین خدمات سرانجام دے گی۔
واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے کراچی اور لاہور میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے چلائی جانے والی انتخابی مہم میں پرتشدد واقعات کے بعد پاک فوج کو سیکیورٹی کی ذمہ داری سونپنے کیلئے یہ خط لکھا ہے۔