
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے روسی تیل آنے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالےسے اپنے ہی بیان پر یوٹرن لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ روسی تیل آنے کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہیں ہوں گی، ہمیں دنیا میں جہاں بھی سستا تیل ملے گا ہم خریدیں گے۔
انہوں نے کہا کہ روسی تیل کا پہلا کارگو آئندہ دو ہفتوں میں پاکستان پہنچ جائے گا، تاہم مقامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی اس وقت ہوگی جب روسی تیل کے زیادہ کارگوز آئیں گے، ہماری پوری کوشش ہے کہ پابندیوں سے بچتے ہوئے توانائی کی ضروریات کو سستے داموں پورا کیا جاسکے۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ حکومت جلد ہی ٹائٹ گیس پالیسی متعارف کروائے گی، ہم گیس کے بند کنوؤں کو دوبارہ کھولنے پر بھی غور کررہے ہیں، بند ہونے والے کنوؤں کو دوبارہ کھولنے کیلئے کچھ رعایت دینے کی کوشش بھی کریں گے، سمند ر میں بھی تیل و گیس کی تلاش دوبارہ سے شروع کی جائے گی۔
خیال رہے کہ وزیر مملکت مصدق ملک نے اس سے قبل بارہا اپنے بیانات میں روس سے تیل کی خریداری کے معاہدے کے بعد یہ دعویٰ کیا تھا کہ روس سے سستے داموں تیل خریدا ہے، روسی تیل کے پاکستان پہنچنے کے بعد مقامی سطح پر عوام کو ریلیف دیا جائے گا اور تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوگی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/10mussdmalaikututururn.jpg