پینٹاگون نے اسرائیل کو ’موت کا فرقہ‘ کہنے پر کرنل ناتھن میک کارمیک کو برطرف

181758019631eb4.jpg


امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کرنل ناتھن میک کارمیک کو ان کے حساس مشاورتی عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ ان کی برطرفی کی وجہ اسرائیل کے حوالے سے دیے گئے متنازع بیانات ہیں، جن میں انہوں نے اسرائیلی حکومت کو ’موت کا فرقہ‘ قرار دیا اور امریکا کو اسرائیل کا پراکسی قرار دیا۔

تہران ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، کرنل میک کارمیک جون 2024 سے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے J5 پلاننگ ڈائریکٹوریٹ میں لیونٹ اور مصر کے شعبے کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کا کام امریکی فوجی قیادت کو علاقائی شراکت داروں، جن میں اسرائیل بھی شامل ہے، کے ساتھ ملاقاتوں کے لیے تیار کرنا تھا۔

کرنل میک کارمیک ایک نیم گمنام سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’نیٹ‘ کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے، خصوصاً 7 اکتوبر 2023 کے بعد کے واقعات کے تناظر میں۔ ان کے پوسٹس میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں، فلسطینی شہریوں پر حملوں، اور امریکی پالیسی پر شدید تنقید شامل تھی۔

اپریل 2024 میں انہوں نے لکھا:
"میں نے حال ہی میں یہ سوچنا شروع کیا ہے کہ کہیں ہم خود اسرائیل کے پراکسی تو نہیں بن چکے، اور ہمیں اس کا علم ہی نہیں۔"

انہوں نے مزید کہا:
"اسرائیل ہمارا بدترین اتحادی ہے، جس کے ساتھ شراکت داری ہمیں صرف مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا کے کروڑوں لوگوں کی دشمنی دلاتی ہے۔"

مئی میں ان کی ایک اور پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ:
"نیتن یاہو اور ان کے یہودی بالادستی پر یقین رکھنے والے ساتھی اس تنازع کو سیاسی و علاقائی مقاصد کے لیے طول دے رہے ہیں۔"

انہوں نے اسرائیلی افواج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ردعمل اکثر "غیر متناسب طور پر فلسطینی شہریوں کو نشانہ بناتا ہے" اور اسرائیل کا مقصد "ارض اسرائیل کو نسلی طور پر فلسطینیوں سے پاک کرنا ہے۔"

محکمہ دفاع کے ایک اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ کرنل میک کارمیک کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، اور کہا کہ ان کی آرا "جوائنٹ اسٹاف یا محکمہ دفاع کے خیالات کی نمائندگی نہیں کرتیں۔" کرنل کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی حذف کر دیا گیا ہے اور معاملہ امریکی فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

میک کارمیک نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا نے اسرائیل کو لبنان پر ممکنہ حملے سے متعلق خبردار کیا تھا، مگر اسرائیل نے اس وارننگ کو نظر انداز کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ امریکی ادارے عام طور پر غزہ کی وزارت صحت کے جانی نقصان کے اعداد و شمار کو قابلِ اعتماد سمجھتے ہیں۔


کرنل میک کارمیک کی برطرفی امریکی معاشرے میں اسرائیل سے متعلق پالیسیوں پر گہرے ہوتے اختلافات کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔ ایک بڑی تعداد میں امریکی شہری اسرائیل کی غیر مشروط حمایت اور اس پر خرچ ہونے والے وسائل پر سوالات اٹھا رہے ہیں، جنہیں وہ امریکی مفادات کے خلاف سمجھتے ہیں۔
 

Back
Top