
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ اس حکومت نے سیلاب متاثرین کو تنہا چھوڑ دیا ہے اسے گرا کر ہی دم لیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسدادمنشیات عطاء اللہ تارڑ نے لاہور میں پی ٹی وی سینٹر کے دورے کےبعد پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت نا صرف کرپٹ اور غیر قانونی ہے بلکہ انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں بھی متاثرہ لوگوں کی بحالی کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔
انہوں نے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت سیلاب متاثرین کو تنہا چھوڑ کر خود کرپشن میں مصروف ہے، مونس الہیٰ تو ٹھیکوں اور منصوبوں میں کمیشن وصول کررہے ہیں، ہم اس حکومت کو گرا کر ہی دم لیں گے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑا اور ایک دو ارکان بھی ادھر ادھر ہوگئے تو اس حکومت کو گھر جانا پڑجائے گا، پنجاب حکومت کسی بھی وقت گرائی جاسکتی ہے اس کیلئے کام بھی جاری ہے۔
ن لیگی رہنما نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ آئین کے آرٹیکل 63 اے پر سپریم کورٹ کی رائے اور پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کی جائیں کیونکہ ان ارکان کے ووٹ شمار بھی نہیں کیے گئے تھے اور انہیں ڈی سیٹ کردیا گیا ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13atatararpunjbggirna.jpg