
وزیر داخلہ کی پنجاب حکومت گرانے کی دھمکی
پاکستان تحریک انصاف آج حقیقی آزادی مارچ کیلیے راولپنڈی روانہ ہورہی ہے، چیئرمین عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے زمان پارک سے روانہ ہوں گے، پنجاب حکومت نے مارچ کی بھرپور تیاریاں کرلیں۔
دوسری جانب حکومت بھی مارچ روکنے کیلیے مکمل تیار ہے، وزیر داخلہ رانا ثنا نے پنجاب حکومت گرانے کی دھمکی دے ڈالی، جیونیوز کے پرو گرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو
کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا، پنجاب حکومت ضرور گرائیں گے۔
رانا ثنا نے کہا پنجاب حکومت دو تین ووٹوں پر کھڑی ہے،اسے جس طرح چلایا جا رہا ہے ہم چاہیں گے کہ وہ تبدیل ہو، پرویز الہٰی وعدہ اور دعائے خیر کرکے دوڑے ہیں اتنی جلدی اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔
وزیر داخلہ نے کہا اگر ان کو الیکشن کی تاریخ دے دیں تو مذاکرات کس بات کے؟ عمران خان کو غیر مشروط طور پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنا ہوگا،عمران خان 2 لاکھ بندے بھی نہ لا سکے تو انہیں اکتوبر 2023 کی تاریخ تسلیم کرلینی چاہیے۔
رانا ثنا نے کہا میں نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت نہیں دی، جو دیوار پر لکھا ہے تحریک انصاف کو وہ پڑھنے کی دعوت دی ہے،عمران خان نے گزشتہ 4، 5 ماہ جو کچھ بھی کیا اس کے باوجود اسٹیبلشمنٹ نے انتخابات کی تاریخ لے کر نہیں دی، آئندہ بھی نہیں دیں گے، تحریک انصاف نے اسٹیبشلمنٹ کو گالی، دباؤ اور الزامات سب کچھ کرکے دیکھ لیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ جب سیاستدان بیٹھتے ہیں تو ڈیڈلاک ٹوٹتے ہیں، غیر مشروط طور پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنا ہوگا، آپ کو معلوم ہونا چاہیے وہی ہوگا جو آئین میں لکھا ہے، آپ نے تعیناتی پر بھی بہت باتیں کیں، ہوا وہی جو آئین میں لکھا ہے، تعیناتی سے پہلے یہ کھیلنے کی باتیں کرتے تھے وہ کیا تھا، اب عمران خان کو نئی شروعات کی سمجھ آگئی ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا لبرٹی سے لانگ مارچ شروع کیا ان کو چار پانچ ہزار افراد کا مجمع بھی سمندر نظر آتا تھا، عمران خان کہے میں آ رہا ہوں، تمہیں پتہ نہیں کیا کروں گا تو پھر اس کا جواب اسی طرح ہوگا، الیکشن کی تاریخ کا راستہ یہی ہے کہ سیاستدان بنیں اور سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھیں، اگر آپ کو الیکشن کی تاریخ دے دیں تو پھر مذاکرات کس چیز پر ہوں۔
رانا ثنا کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان غریب مسکین آدمی ہیں، صدر کو یقین ہی نہیں کہ وہ سب سے بڑے آئینی آفس میں بیٹھے ہیں، بغل میں فائل دبا کر ملاقات کیلئے پہنچے، کرنا کیا تھا؟ صدر مملکت کو فیصلہ نہیں کرنا تھا سمری پر دستخط کرنے تھے۔