راولپنڈی: وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے اپنے 100 دنوں میں وہ کر کے دکھایا جو ماضی کی حکومتیں اپنے پورے دور حکومت میں کرنے سے ڈرتی تھیں۔
راولپنڈی میں انجمن فیض الاسلام کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ حکومت نے توانائی کے بحران، دہشت گردی ختم کرنے اور کراچی میں امن قائم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، حکومت ان تمام مسائل کو خود کے لئے ایک بڑا چیلنج سمجھتی ہے جن کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی اب تک کی پرفارمنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی اس وقت ملک میں قانون کو فالج ہوچکا تھا لیکن ہماری حکومت نے 100 دنوں میں وہ کر کے دکھایا جو ماضی کی حکومتیں اپنے پورے دور حکومت میں کرنے سے ڈرتی تھیں۔
پرویز رشید نے سنبل زیادتی کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سنبل ہماری بھی بیٹی ہے اور اس سے زیادتی کرنے والے ملزم سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ چیئرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کر رہی ہے اور وزیر اعظم نواز شریف نے اس سلسلے میں مشاورت کے لئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے رابطہ کریں گے۔