
پاک افغان سرحد پر افغانستان سے فائرنگ کے نتیجے میں 5 فوجی جوان شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق واقعہ ضلع کرم کے علاقے میں افغانستان اور پاکستان کی سرحد پر پیش آیا جس میں دہشت گردوں نے افغانستان کے سرحدی علاقے سے بارڈر پر تعینات پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کے جواب میں فوجی جوانوں نے بھی بھرپور جواب دیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لانس نائیک عجب نور،سپاہی ساجد علی، سپاہی ضیااللہ،سپاہی سمیر اللہ اور سپاہی ناہید اقبال شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کے جواب میں پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھی بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی سخت مذمت کرتا ہے، عبوری افغان حکومت سے توقع ہے کہ آئندہ ایسی سرگرمیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سرحدوں کے تحفظ کیلئے پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پرعزم ہےاور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں بھی اسی عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
Last edited: