اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور اتحادی پاکستان مسلم لیگ ق کے 11 اراکین حج پر اور 7 ملک سے باہر ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب عید کے بعد کرایا جائے۔
چودھری پرویزالٰہی نے علی ظفرایڈووکیٹ کی سربراہی میں قانونی ٹیم سےمشاورت کی ، مشاورت کے دوران کہا گیا کہ پہلے ہاؤس مکمل کریں پھر گنتی کرائی جائے۔ ہمارے 11 ارکان اسمبلی حج پر جا چکے ہیں جب کہ 7 ارکان پنجاب اسمبلی ملک سے باہر ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق قانونی ٹیم نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے میں آئینی اور قانونی ابہام ہے جس کے بعد اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے متعلق سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے اور قانونی نکات عدالت عظمیٰ کے سامنے رکھےجائیں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سمجھ نہیں آ رہا 12 گھنٹے دیئے گئے ہیں، کوئی نہیں پہنچ سکتا کیونکہ کسی کو راجن پور اور کسی کو بہاولپور سے پہنچنا ہے۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ تاکہ اراکین پنجاب اسمبلی کی گنتی کا عمل عید کے بعد کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سب کی مشاورت سے اجتماعی فیصلہ ہو گا اور شریفوں نے ہمیشہ ہر کام الٹا کیا ہے۔