
وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف کو کنگ عبدالعزیز میڈل نوازے جانے پر مبارکباد دی، ٹوئٹر پیغام میں لکھاکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو برادر ممالک سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعلقات مظبوط بنانے کی کاوشوں کے اعتراف میں کنگ عبدالعزیز میڈل تفویض ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتے ہیں۔
ٹوئٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ یہ عوام اور مسلح افواج کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے، سعودی عرب کی سلامتی کو پاکستان کی سلامتی تصور کرتے ہیں، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،بہترین دفاعی تعاون سمیت اپنے کثیرجہتی باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا،جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، سعودی عرب کے اول نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع سمیت سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقاتیں کیں۔
https://twitter.com/x/status/1540996663224967170
ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سیکورٹی تعاون اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا،جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودیہ کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1540854406681432064
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے مشترکہ تربیت، ائیر ڈیفنس، انسداد دہشت گردی اور مواصلات و انفارمیشن کے شعبوں میں دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،ملاقات میں دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کو پائیدار اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے پر بھی اتفاق کیا گیا،دونوں جانب سے خطے میں مسلم امہ کے اتحاد کے حوالے سے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے رہنے پر بھی اتفاق ہوا۔