
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دیتے ہوئے درخواست گزارپر 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی تھی جس کا تحریری فیصلہ سنا دیا گیا، عدالت نے درخواست گزار فدا اللہ پر وقت ضائع کرنے پر 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
عدالت کی جانب سے جاری کردہ تحریری فیصلے میں درخواست گزار کو تین دنوں میں جرمانہ سرکاری خرچ پر وکیل فراہم کرنے کے فنڈ میں رقم جمع کرانے کا حکم دیا گیا ۔
عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اپنے حلقہ کے ایم این اے سے کہیں کہ وہ اس متعلق پٹیشن دائر کریں۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ اس طرح کی درخواستیں عوامی مفاد کے زمرے میں نہیں آتیں، شہری فدا اللہ نے عدالتی اور سائلین کا وقت ضائع کیا۔
واضح رہے کہ لکی مروت کے رہائشی شہری فدا اللہ نے وزیراعظم کی نااہلی کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی تھی، درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد عمران خان نے ایک بیان میں کہا تھا ان کے 15 ایم این اے بک گئے ہیں، شیخ رشید نے بھی عمران خان کے بیان کی تصدیق کی تھی، جس کو بنیاد بنا کر عمران خان نیازی کی نااہلی کی استدعا کی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5pmikfineihc.jpg