
اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے ایک دوسرے کیلئجے دعوے کئے جارہئے ہیں، اپوزیشن کہتی ہے حکومت گرا کر رہیں گے جبکہ حکومت کا ماننا ہے کہ اپوزیشن کو شکست ہوگی، ایسے میں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدررانا ثناء اللہ نے وزیراعظم کے حوالے سے بڑا دعویٰ کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو میں رانا ثنا نے دعویٰ کیا کہ
وزیراعظم عمران خان ڈی چوک جلسے میں استعفے کا اعلان کریں گے،یہ حکومت کی خام خیالی ہے کہ وہ 10لاکھ کا جلسہ کریں گے،حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے، 10 لاکھ تو چھوڑیں یہ 2014ء تا 2018ء کے دوران 1 لاکھ کا جلسہ نہیں کرسکے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت 10 لاکھ کی بھڑک مار رہی ہے، صرف چند سو لوگ ہوں گے،ان کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دے دیں، مجھے لگتا ہے وزیراعظم جلسے میں استعفے کا اعلان کریں گے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہم کوئی غیر قانونی کام نہیں کر رہے، ایک قانونی چیز کو روکنے کے لئے انہوں نے کچھ کیا تو ردعمل دیں گے،نااہل کو اقتدار سے باہر کرنے کی تحریک پیش کی ہے، حکومت کے ساتھ اب مذاکرات نہیں ہوں گے، عدم اعتماد واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،نمبرز اتحادیوں کے بغیر بھی پورے ہیں، ہم حکومتی اتحادیوں سے بھی مذاکرات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد میں بھرپور طاقت کامظاہرہ کرے گی اور اس حوالے سے وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد میں 10 لاکھ لوگوں کو اکٹھا کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 23 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مارچ کتنے دن تک اسلام آباد میں رہے گا، اس کا فیصلہ بعد میں ہو گا۔