مہنگائی کی شرح کتنی بڑھ سکتی ہے؟ورلڈ بینک نے خبردار کردیا،کئی اشیا مہنگی

inf.jpg


عالمی بینک نے پاکستان میں مہنگائی کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے پاکستانیوں کو خبردار کردیا ہے، دوسری جانب پاکستان کے ادارہ شماریات نے بھی ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان ڈویلپمنٹ رپورٹ میں آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر کو پاکستانی معیشت کیلئے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ افغان صورتحال کے باعث پاکستان میں امن و امان کی صورتحال خراب ہورہی ہے اسی وجہ سے معاشی اصلاحات کا عمل تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔


ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ پاکستان میں رواں سال مہنگائی کی شرح8اعشاریہ 9 فیصد تک جاسکتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں ادارہ شماریات نے ہفتہ وار رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح14اعشاریہ31 فیصد تک پہنچ چکی ہے، کم آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح15اعشاریہ01 فیصد ہے۔

ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1اعشاریہ 23 فیصد اضافہ ہوا، اور 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس ہفتے کے دوران بجلی کی فی یونٹ قیمت 19 پیسے، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 90 روپے31 پیسے اضافہ ہوا ہے۔

ٹماٹر10 روپے71 پیسے، فی کلو چینی کی قیمت میں 3روپے77 پیسے، فی درجن انڈوں کی قیمت میں 5روپے28 پیسے اضافہ ہوا، اس کے علاوہ ایک ہفتے کے دوران مہنگی ہونے والی اشیاء میں چاول، دال مسور، دال ماش، گڑ اور زندہ مرغی بھی شامل ہے۔
 
Last edited by a moderator: