موجودہ حکومت نے اسٹیبلشمنٹ کو آنکھیں دکھانا شروع کر دیں: فیصل واؤڈا

PDM-fasil-vavda-khan-as.jpg


پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واؤڈا نے بڑا دعویٰ کردیا، اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا موجودہ حکومت نے اسٹیبلشمنٹ کو آنکھیں دکھانا شروع کر دی ہیں اور بیانیہ بنا رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے مزید کہا ملک بھر میں اس کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا ہے اور اس میں پی ڈی ایم کی کسی جماعت کا کردار ضرور ہے۔ سیاسی معاملات میں بار بار اسٹیبلشمنٹ کو نہ گھسیٹیں کیونکہ سیاست نے ملک کو دیا کیا ہے، جمہوری جنازہ لے کر چل رہے ہیں۔

فیصل واؤڈا نے کہا سیاسی جماعتوں کے لیڈر ڈکٹیٹر سے بدتر ہوتے ہیں کوئی پارٹی میں اپنی سوچ بول دے تو لیڈر اس کو سیاست نہیں کرنے دیتے۔ نواز شریف نے قوم میں بیانیہ بنایا کہ مجھے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے نکالا اور پھر بعد میں ان کی ہی توسیع کی حمایت کی۔


انہوں نے کہا ایسے ہی پی پی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے جھوٹ بول کر فائدہ اٹھایا، سب جھوٹ بولتے اور قوم کے ساتھ فراڈ کرتے ہیں، یہ لوگ خود نہیں چل سکتے تو ملک کیسے چلائیں گے؟ نواز شریف کی صحت سے متعلق بزدار حکومت نے خاص کے ساتھ مل کر فراڈ رپورٹ بنائی تھی میں نے اور فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس میں طوفان اٹھایا کہ فراڈ رپورٹ ہے لیکن اس کے باوجود نواز شریف کو بیرون ملک جانے دیا گیا۔

سابق سینیٹر نے کہا ملک میں الیکشن پی آئی اے کی فلائٹ کی ٹائمنگ کی طرح ہے جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی قانونی طورپر ٹریپ ہو چکے ہیں،ایکسپائرڈ لوگوں کو حکمران بناتے جا رہے ہیں کیا ان کی اولادوں کی بھی غلامی کریں۔ موجودہ جماعتوں کے اچھے لوگوں کو موقع ملنا چاہیے لیڈروں کی اولادوں کو نہیں۔

اس سے پہلے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا مریم اورنگزیب یہ کہہ کر کیا بتانا چاہتی ہیں کہ حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لینے پر پابندی نہیں لگائی، حکومت کیا اشارہ دینا چاہتی ہے؟ کسے نشانہ بنانا چاہتی ہے؟

ان کا کہنا تھا تمام جماعتوں کے اندر اسٹیبلشمنٹ کیلئے بغض ہے، حکومتی جماعتیں بھی اس خام خیالی میں چلے گئی ہیں کہ ان کے علاوہ کوئی آپشن نہیں مگر پاکستان میں کوئی آپشن آخری آپشن نہیں ہوتا،صاف اور گندا پیج ایک نہیں ہوسکتا۔